Tuesday 5 May 2015




بہاولپور(وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پہلے سولر توانائی منصوبے کا افتتاح کر دیا جس سے 100 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو چکی ہے جبکہ 300 میگا واٹ کے دوسرے فیز کا بھی افتتاح کر دیا گیا جو کہ رواں برس کے اختتام پر مکمل ہوگا۔

بہاولپور میں افتتاحی تقریب میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ، چینی سفیر اور دیگر وزراء نے شرکت کی ۔ بہاولپور کے علاقے چولستان میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے لیے6500 ایکڑ پر مشتمل قائداعظم سولر پارک بنایا گیا ہے ۔ ڈھائی برس میں مکمل ہونے والے اس منصوبے سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی ۔ پارک کا ایک سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے پہلا یونٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے کی رواں سال تکمیل سے 3سو میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی ۔ پراجیکٹ کا تیسرا مرحلہ 2016 ء میں مکمل ہوگا جس سے 600 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی ۔ چینی کمپنی ٹی بیان الیکٹرک آپریٹس کمپنی لمیٹڈ اس منصوبے پر کا م کر رہی ہے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے 15 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوگی ۔ منصوبے کے لئے 75 فیصد فنڈز بنک آف پنجاب اور 25 فیصد حکومت پنجاب نے ادا کیے ۔ قائد اعظم سولر پارک میں بجلی پیدا کرنے کے لیے 4 لاکھ سولر پینل لگائے گئے ہیں ۔ اس منصوبے کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی تکمیل کے لیے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پرکشش سہولیات دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

No comments:

Post a Comment